پاکستان افریقہ اکنامک کونسل (PAEC) وفاقی چیپٹر کی تقریب حلف برداری

اسلام آباد:(کنزیومرواچ نیوز)پاکستان افریقہ اکنامک کونسل (PAEC) کے وفاقی چیپٹر کی حلف برداری کی تقریب کامسیٹس (COMSTECH) سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب میں سفارتکاروں، معروف جامعات کے وائس چانسلرز، ممتاز ماہرین اور افریقی خطے سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی، جو پاکستان۔افریقہ تعاون کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاس ہے۔وزیراعظم پاکستان کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے بطور مہمانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حلف برداری کی یہ تقریب دیانت، تعاون اور اقتصادی سفارت کاری کے نئے عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے PAEC کو پاکستان اور افریقی معیشتوں کے درمیان ایک مؤثر پل قرار دیا اور کہا کہ یہ کونسل حکومتِ پاکستان کے برآمدات پر مبنی ترقی، منڈیوں کی تنوع کاری اور جنوبی۔جنوبی تعاون کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔ رانا احسان افضل خان نے افریقہ کی مضبوط تجارتی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔اس سے قبل تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا، بعد ازاں قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ استقبالی کلمات ڈاکٹر عبدالباسط (سینئر نائب صدر، PAEC اسلام آباد ریجن) نے ادا کیے۔ تقریب سے ڈاکٹر شہباز علی ملک (بانی چیئرمین PAEC) اور شیخ راشد عالم (سیکریٹری جنرل PAEC) نے بھی خطاب کیا اور پاکستان۔افریقہ تعلقات کے فروغ کے لیے PAEC کے وژن اور آئندہ لائحہ عمل پر روشنی ڈالی۔تقریب کی نمایاں جھلکیوں میں پاکستان۔افریقہ روابط کو گہرا کرنے کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان شامل تھا۔ PAEC قیادت نے افریقی طلبہ کے لیے پاکستان میں 100 اسکالرشپس اور 100 انٹرن شپس فراہم کرنے کا اعلان کیا، تاکہ تعلیم، ہنرمندی اور عوامی روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ ویزا سہولت، کاروباری ادائیگیوں میں آسانی، اور تجارت و سرمایہ کاری کے عملی تعاون کے اقدامات بھی متعارف کرائے گئے۔ مزید برآں، افریقی شہریوں کے لیے راول انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز اور اُجالا سینٹر آف ایکسیلنس میں 30 فیصد رعایت کا اعلان کیا گیا۔مہمانِ خصوصی نے نومنتخب وفاقی چیپٹر کے عہدیداران سے حلف لیا، جس کے بعد یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔تقریب کے اختتام پر عبدالواجد (صدر، PAEC وفاقی چیپٹر) نے شکریہ ادا کیا، جبکہ کارروائی محمد مرتضیٰ نور (سیکریٹری جنرل، PAEC اسلام آباد چیپٹر) نے انجام دی اور پاکستان۔افریقہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں